حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ فاطمۃ الزہرا (س) کی مدیر محترمہ زہرا مدنی نے ریحانۃ الرسول انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن ساوہ میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا: جہالت اور بے بصیرتی کا باعث بننے والی سب سے پہلی چیز "لقمۂ حرام" ہے۔ کربلا میں سب جانتے تھے کہ امام حسین علیہ السلام فرزند رسول (ص) ہیں لیکن چونکہ ان کے پیٹ حرام سے بھرے ہوئے تھے لہذا وہ ان کے سامنے کھڑے ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا: حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جب بنی اسرائیل کی سرپرستی اپنے بھائی ہارون کو سونپی تو سامری نے ان لوگوں کی سادگی سے فائدہ اٹھایا اور ان کے لئے بچھڑا بنا دیا اور وہ لوگ گائے کی پوجا کرنے لگے۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام واپس آئے تو اپنی قوم کی حالت دیکھ کر سخت غصہ ہوئے اور سامری کو سزا دی۔
انہوں نے مزید کہا: یہاں ہمیں غور کرنا چاہئے کہ جس بنی اسرائیل کے لوگوں نے فرعون کے مقابلے میں حضرت موسیٰ کی مدد کی وہ لوگ بچھڑے کی پرستش کیوں کرنے لگ گئے تھے؟ تو یہ سب ان کی بصیرت کی کمی اور جہالت کی وجہ سے ہوا تھا۔
محترمہ زہرا مدنی نے کہا: دوسری چیز جو جہالت کا سبب بنتی ہے وہ دنیا کی محبت ہے۔ جو شخص دنیا دار ہے اور دنیا کی طلب میں رہتا ہے تو وہ بصیرت سے محروم ہو جاتا ہے۔